بھارتی ریاست راجستھان میں کورونا وائرس کے پیش نظر مدرسہ بورڈ کی جانب سے کچھ روز قبل ایک آرڈر جاری کیا گیا تھا کہ سبھی مدرسوں کی جانب سے اب بچوں کو آن لائن پڑھائی فراہم کی جائے گی۔
کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو پورے طریقے سے بند کر دیا گیا ہے، ایسے میں متعدد تعلیمی اداروں کی جانب سے بچوں کو آن لائن پڑھائی کرائی جارہی ہے۔
وہیں مدرسہ بورڈ کی جانب سے آن لائن پڑھانے کی بات تو کی گئی لیکن آج تک کوئی آن لائن کلاسز نہیں کرائے جا سکے۔
خود راجستھان مدرسہ پیرا ٹیچر تنظیم کے ذمہ داران بھی اب مدرسہ بورڈ کے اس آرڈر کی مخالفت کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
بھارت میں 5 کروڑ سے زائد کورونا سیمپل ٹیسٹ ہو چکے ہیں
پیرا ٹیچر تنظیم کے ذمہ داران کا کہنا ہے 'جو آرڈر مدرسہ بورڈ دفتر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، اس میں درجہ چھ سے لے کر آٹھ تک کی بات کہی گئی ہے، لیکن 80 فیصد مدرسے درجہ ایک سے لے کر پانچ تک چل رہے ہیں'۔
ٹیچر تنظیم کے ذمہ داران کا کہنا ہے 'اس بات پر توجہ دی جائے تاکہ مدرسہ میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کا مستقبل روشن ہو'۔