دراصل گزشتہ نو اکتوبر کو اجمیر ریلوے اسٹیشن پر ایک بے رحم ماں نے پلیٹ فارم پر کھڑی ایک ٹرین کے نیچے اپنی تین برس کی معصوم بچی کو پھینک دیا اور وہاں سے فرار ہوگئی۔
ریلوے جب حسب معمول اسٹیشن میں لگے سی سی ٹی وی کے فوٹیج کھنگالے تب اس واقعہ کا انکشاف ہوا فی الحال ریلوے پولیس اس نامعلوم خاتون کی تلاش کررہی ہے۔
حالانکہ اس معاملے اسٹیشن کے افسران نے بتایا کہ اس وقت اسٹیشن پر موجود مسافرین کے بروقت بچی کو بچالیا تھا جس کے بعد پولیس نے اس بچی کو بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی ایک تنظیم کے حوالے کردیا تھا۔
یہ واقعہ اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر دو اور تین پر پیش آیا تھا جہاں ایک خاتون اپنی گود میں بچی کو لیے اور ایک ہاتھ میں کسی چیز کا تھیلا تھامے ہوئے اسٹیشن پر کھڑی ٹرین کے قریب آئی اور بچی کو ٹرین کے نیچے ڈھکیل کر وہاں سے فرار ہوگئی۔
یہ پورا واقعہ اسٹیشن پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ فوٹیج میں نظر آنے والی خاتون حلیے سے خانہ بدوش نظر آرہی ہے اور بچی ابھی ایک فلاحی تنظیم کے پاس ہے۔