راجستھان: اُدے پور شہر کی دھان منڈی، گھنٹہ گھر، ہاتھی پول، امباماتا، سورج پول، سوینا، بھوپال پورہ، گووردھن ولاس، ہیرنمگری، پرتاپ نگر اور سُکھیر دھان منڈی میں جمعرات کی صبح 6 بجے سے رات 9 بجے تک کرفیو میں رعایت دی گئی۔ یہاں حالات آہستہ آہستہ معمول پر آ رہے ہیں۔ کرفیو سے متاثرہ علاقوں میں تمام بازار کُھلنے کے ساتھ ہی لوگ اپنی ضرورت کے سامان کی خریداری کرتے نظر آئے۔ تاہم متوفی کنہیا لال درزی کا جہاں قتل ہوا تھا اس علاقے مالداس اسٹریٹ میں ابھی بھی تاجروں نے اپنی دکانیں بند کر رکھی ہیں۔ Udaipur Murder Case
شہر میں نئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل سُپرنٹنڈنٹ آف پولیس چندر شیل ٹھاکر بدھ کو مالداس اسٹریٹ پہنچ کر تاجروں سے ملاقات کی اور ان سے بغیر کسی خوف کے اپنی دکانیں کھولنے کی اپیل کی تھی۔ واضح رہے کہ 28 جون کو اُدے پور شہر کے دھان منڈی تھانہ علاقے میں کنہیا لال کا قتل ہونے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر شہر کے ان تھانہ علاقوں میں اس دن سے اگلے احکامات تک کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔
یو این آئی رپورٹ