ملک بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے سبب شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں کسی بھی طرح کا کوئی بڑا پروگرام منعقد نہیں کیا گیا۔
مسلسل دوسری مرتبہ ایسا ہوا جب شہدائے کربلا کے چہلم پر کسی بھی طرح کا جلوس نہیں نکالا گیا بلکہ تمام رسم و روایت، نذر و نیاز اور فاتحہ خوانی کا اہتمام گھروں میں ہی ہوا۔
شیعہ برادری کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت اور راجستھان حکومت کی جانب سے عالمی وباء کورونا کے تعلق سے جو گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں اسی پر عمل کرتے ہوئے کسی بھی بڑے اجتماع سے پرہیز کیا گیا اور جلوس بھی نہیں نکالے گئے۔
واضح رہے کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر جے پور میں شیعہ برادری کی جانب سے ماتمی جلوس نکالا جاتا ہے جو شہر کے سبھاش چوک سے نکل کر کربلا درگاہ پر اختتام پذیر ہوتا ہے لیکن کورونا وبا کی وجہ سے گزشتہ دو برسوں سے جلوس نہیں نکالا گیا۔