ریٹ امتحانات میں تقریباً 17 لاکھ طلباء شرکت کررہے ہیں۔ اتوار کو یہ امتحان دو شفٹوں میں منعقد ہوگا۔ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے سماجی تنظیموں کی جانب سے مختلف مقامات پر طعام و قیام کا انتظام کیا گیا ہے.
راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے اجمیری گیٹ علاقے میں واقع مسجد ہجم فروشین کے ذمہ داران کی جانب سے ریٹ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء کے لئے بلا تفریق مذہب و ملت قیام و طعام کا انتظام کیا گیا ہے۔
مسجد کمیٹی کے سکریٹری ظہیر احمد خان نے بتایا کہ امتحانات میں شرکت کرنے والے لاکھوں طلباء کو طعام و قیام کے مسئلہ کے حل کے لئے مسجد انتظامیہ کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں بھی اس طرح کے امتحانات منعقد کئے جاتے ہیں تو آگے بھی مسجد انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے اسی طرح کی خدمات انجام دی جائیں گی۔
مزید پڑھیں:ریٹ امتحان کے امیدواروں کو پی ایف آئی کی جانب سے سہولیات کی فراہمی
وہیں لوگوں کا کہنا ہے کہ جو بھی مسجد میں قیام پذیر ہون گے انہیں کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی۔
مسجد میں قیام پذیر طلباء کا کہنا تھا کہ جس طرح سے یہاں پر قیام و طعام کا انتظام کیا گیا ہے اس کے لئے وہ مسجد انتظامیہ کمیٹی کے شکر گذار ہیں۔