راجستھان کی تمام جیلوں میں خواتین قیدی مختلف مقدمات میں بند ہیں۔ لیکن جیل سے رہائی کے بعد ان خواتین کو زندگی گزارنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہیں سب معاملوں کو لے کر جیل انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ 'ایسی خواتین کی مدد کی جائے گی اور انہیں نوکری پر لگوایا جائے گا۔ تاکہ اس نوکری سے وہ ماہانہ 10-15 ہزار روپے کما پائیں اور اپنی زندگی گزار سکیں۔'
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس این آر کے ریڈی جودھ پور کے 2 روزہ دورے پر ہیں۔ اس دوران انہوں نے جودھ پور سنٹرل جیل کا دورہ کیا۔
راجستھان کے تمام اضلاع میں ہونے والے معاملات کے بارے میں پوچھے گئے سوالات پر ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ جیل سے رہا ہونے والی خواتین قیدیوں کے ریکارڈ کی بنیاد پر ان سے بات کی جارہی ہے۔
ریڈی نے کہا کہ جو خواتین پریشان ہیں اور جن کے پاس نوکریاں نہیں ہیں، ان سے رابطہ کیا جارہا ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ ان خواتین کو پٹرول پمپ پر ملازمت دی جائے گی۔ خواتین 8-8 گھنٹے کی شفٹوں میں پٹرول پمپوں پر کام کریں گی۔ بہت کوششوں کے بعد راجستھان حکومت نے اس کام کو منظوری دے دی ہے۔'
این آر کے ریڈی نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ابھی 6 مقامات پر اجازت دی گئی ہے اور توقع ہے کہ آگے بھی منظوری مل جائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ 'اگر 5 خواتین بھی پیٹرول پمپ پر شفٹ میں کام کریں گی تو روزانہ ایک جگہ پر 15 سے 20 خواتین کام کرسکیں گی۔'
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ ' آنے والے وقت میں تقریبا 400 سے 500 خواتین مختلف پٹرول پمپوں پر ڈیوٹی کریں گی۔'
انہوں نے بتایا کہ 'اس سلسلے میں ایک معاہدہ طے پایا ہے اور آنے والے 3 سے 4 دن میں جے پور میں اس کا آغاز کردیا جائے گا۔ یہ انتظام صرف جیل سے رہا ہونے والے قیدیوں کے لئے کیا جائے گا۔'