پربتسر: راجستھان میں انتخابی مہم کے دوران ناگور ضلع کے پربتسر میں آج ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ ناگور کے کچامنسٹی اور مکرانہ میں منعقد پروگراموں میں حصہ لینے کے بعد وزیر داخلہ امت شاہ پربتسر پہنچے۔ اس دوران انہوں نے ایک روڈ شو میں شرکت کی۔ جس رتھ میں شاہ سوار تھے وہ پربتسر میں داخل ہوتے وقت سڑک کے اوپر سے گزرنے والے بجلی کے تار کو چھو گیا۔ جیسے ہی رتھ نے تار سے ٹکرایا چنگاریاں اٹھنے لگیں۔ حادثے کے بعد وزیر داخلہ کا روڈ شو منسوخ کر دیا گیا اور سیکورٹی اہلکاروں نے شاہ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: بے قابو بس ریلوے ٹریک پر گر گئی، 4 افراد ہلاک
تفصیلات کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ راجستھان کے نو تشکیل شدہ ڈیڈوانہ-کچمن ضلع کے مکرانہ میں منگل کو ایک حادثے سے بال بال بچ گئے۔ یہاں امیت شاہ کا رتھ سڑک پر بجلی کے تار سے ٹکرا گیا۔ اس کے بعد شاہ کو رتھ سے اتار کر دوسری گاڑی میں بٹھایا گیا۔ قبل ازیں انتخابی مہم کے دوران بی جے پی امیدوار سنیتا بھنچر کی حمایت میں مکرانہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا اور شام کو پربتسر کی جانب روانہ ہوئے۔ راستے میں امیت شاہ کا رتھ سڑک پر لٹکتی تاروں سے ٹکرا گیا۔ خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وہیں اس معاملے میں بی جے پی رہنما الکا گرجر نے کہاکہ وزیر داخلہ کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پیش آیا جو قابل مذمت ہے۔