پانی پت فلم تنازعہ کے بارے میں ، نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ راجستھان کی تاریخی شخصیات کے ساتھ بار بار کیوں چھیڑ چھاڑ کی جاتی ہے۔ پائلٹ نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں دخل دیں اور اگر فلم میں کچھ ایسا ہے جس کا سچائی سے کوئی تعلق نہین ہے تو فلم کے اس حصے کو ہٹادیں۔
راجستھان میں فلم پانی پت کو لے کر ایک بہت بڑا تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ راجستھان کے لگ بھگ تمام قائدین اس تنازعہ میں شامل ہوگئے ہیں۔ اس میں اب راجستھان کانگریس کے صدر سچن پائلٹ کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مصنف یا فلمساز کا یہ حق نہیں ہے کہ اس طرح سے کسی تاریخی کردار کی شبیہہ کو خراب کرے۔
پائلٹ نے بتایا کہ اس سے قبل بھی فلم پدماوت میں ایسا دیکھنے کو ملا تھا ۔ اب ایک بار پھر ، پانی پت میں بھرت پور کے مہاراجہ سورج مل کے بارے میں غلط تبصرے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجہ سورج مل کے بارے میں سب جانتے ہیں۔ پائلٹ نے کہا کہ کسی کو حقائق کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرنی چاہئے تھی۔
سچن پائلٹ نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ اگر کوئی فلم بنانا چاہتا تو وہ پہلے حقائق کے حوالے سے تحقیق کرتا۔ پائلٹ نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں دخل دیں اور اگر غلط ہے تو فلم میں کسی بھی حصہ کو ہٹا دیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ احتجاج کا مطلب تشدد نہیں ہے آپ پر امن احتجاج کرسکتے ہیں۔