ریاست راجستھان کے شہر اجمیر میں آج این ایس یو آئی کارکنان نے مرکزی حکومت کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا نذر آتش کیا۔
کسانوں کی جانب سے آج بھارت بند کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی کی حمایت میں کانگریس کی طلبا تنظیم این ایس یو آئی کی جانب سے مرکزی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر اجمیر میں این ایس یو آئی کے ضلع نائب صدر دنیش چودھری نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت کسانوں کے جائز مطالبات پر اپنا رویہ تبدیل نہیں کرتی ہے اور کسانوں کے خلاف بنائے گئے تین نئے زرعی قوانین کو رد نہیں کرتی ہے تو این ایس یو آئی اپنا گاندھی وادی طریقہ چھوڑ کر بھگت سنگھ جیسے وطن پرستوں کا راستہ اختیار کریں گے اور 12 دسمبر کے بعد بڑے پیمانے پر مظاہرہ کرکے سڑکوں کو جام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت بند کے دوران ملک بھر میں مظاہرے
کسانوں کے ذریعے آج بھارت بند کے اعلان کے بعد ملک بھر میں کئی شہر بند ہیں اور کسانوں کے حق میں عوام کی آواز بلند ہوتی دکھائی دی۔ آج بھارت بند کے مدنظر مودی حکومت کو کسانوں کے حق میں جلد فیصلہ لینا ہوگا۔
نئے زرعی قوانین کے خلاف بھارت بند کا اثر پورے ملک میں دکھائی دے رہا ہے۔ دہلی میں جاری کسانوں کے دھرنا کے درمیان مختلف ریاستوں میں بھی کسانوں کے ساتھ ساتھ دیگر تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں نے بھارت بند کی حمایت میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس دوران گزشتہ 13 دنوں سے دہلی کے سنگھو بارڈر پر کسان دھرنا دے رہے ہیں۔