ملک بھر میں کورونا کا قہر مسلسل جاری ہے۔ عالمی وبا کے قہر کو دیکھتے ہوئے جہاں ایک طرف مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت مختلف احتیاتی اقدام اٹھا رہی ہے وہیں عوام کو سہولیات مہیا کروانے کے لئے مسلم تنظیموں کی جانب سے ہیلپ ڈیسک کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے موتی ڈونگری روڈ پر واقع مسلم مسافر خانہ میں مسلم تنظیموں کی جانب سے ایک ہیلپ ڈیسک کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس ہیلپ ڈیکس میں جے پور کی سبھی مسلم سماجی تنظیموں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کا نام یونائیٹڈ مسلم ایڈ نام دیا گیا ہے۔
اس ہیلپ ڈیکس میں دو شفٹ میں 12 سے زیادہ کارکنان اپنی خدمات انجام دیتے ہیں، یونائیٹڈ مسلم ایڈ کے عہدیدار نعیم ربّانی کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی دوسری لہر کافی خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ اس لئے تمام مسلم تنظیموں کی جانب سے ہیلپ ڈیکس بنائی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ہیلپ ٹیکس میں ہم ہسپتالوں کے خالی بیڈز، آکسیجن سے متعلق معلومات، تمام ہسپتالوں کے حالات، پلازمہ عطیہ کرنے والے لوگوں کے بارے میں معلومات، کھانے کے پیکٹ تقسیم کرنا اور کورونا وبا کے دوران ڈاکٹرز سے بات کروانے جیسے کام کر رہے ہیں۔
وہیں یونائیٹڈ مسلم ایڈ کہ کارکن رضاء جے پوری کا کہنا ہے کہ ہم لوگوں کے پاس سوشل میڈیا کے ذریعے یا پھر فون کے ذریعہ اطلاع آتی ہے، جس کا ہم حل نکالتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا کے 2 لاکھ 81 ہزار 386 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مثبت کیسز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 49 لاکھ 65 ہزار 463 ہوگئی ہے، جبکہ اسی عرصہ میں 4 ہزار 104 اموات بھی ہوئی ہے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار 390 تک پہبنچ گئی ہے۔