راجستھان میں اجمیر میونسپل کارپوریشن انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 47 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل کرلی جبکہ حکمراں کانگریس کو محض 18 سیٹوں پر ہی کامیابی مل سکی۔
اب تک کے موصولہ نتائج کے مطابق بی جے پی کو اجمیر میونسپل کارپوریشن کے 80 وارڈوں میں سے47 نشستیں ملی ہیں۔ کانگریس نے 18 جبکہ 13 نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔
راشٹریہ لوک تانترک پارٹی بھی اس انتخابات میں ایک نشست جیتنے میں کامیاب رہی۔ وارڈ نمبر سات سے اس پارٹی کی امیدوار گیتا نے کامیابی حاصل کی ہے۔
ان انتخابات میں ایک نشست پر بی جے پی کا ایک امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوا جبکہ ایک وارڈ میں بی جے پی امیدوار کے ایک ووٹ کی جیت کا نتیجہ ابھی تک جاری نہیں کیا گیا ہے۔
کارپوریشن کے انتخابات میں بی جے پی نے اپنی ساکھ برقرار رکھی۔ گزشتہ انتخابات میں جب کارپوریشن کے 60 وارڈز تھے تب بی جے پی نے 31 سیٹیں جیت کر اپنا بورڈ بنایا تھا۔ اُس وقت کانگریس نے 22 اور سات آزاد امیدوار جیتے تھے۔
اجمیر میونسپل کارپوریشن کے علاوہ بی جے پی نے ضلع میں کشن گڑھ میونسپل کونسل پر بھی برتری برقرار رکھی ہے۔ اسی طرح وجے نگر پالیکا میں بھی یہی صورتحال دیکھنے میں آرہی ہے جبکہ کیکڑی اور سرواڈ میں کانگریس کامیاب ہوتی نظر آرہی ہے۔