راجستھان کے ادے پور کو جھیلوں کا شہر یعنی لیک سٹی کہا جاتا ہے۔ آج ہم آپ کو یہاں واقع ایشیا کی دوسری سب سے بڑی مصنوعی جھیل کی سیر کراتے ہیں۔
اودے پور ضلع ہیڈکواٹر سے تقریباً 48 کلومیٹر کے فاصلے پر یہ جیسمند جھیل ہے۔ یہ ڈھیبر جھیل کے نام سے بھی مشہور ہے اور یہی ایشیا کی دوسری سب سے بڑی مصنوعی جھیل بھی ہے۔ اس جھیل کو 1687 اور 1691 کے درمیان تعمیر کیا گیا تھا۔
اس جھیل کا اصل نام ڈھیبر ہے۔ یہ دو پہاڑیوں کے درمیان ڈھیبر کو جوڑ کر بنایا گیا ہے۔ اس جھیل کی تعمیر مہارانا جے سنگھ نے کرائی تھی۔ لہذا بعد میں اس جھیل کو ان کے نام سے منسوب کر جیسمند کے نام سے پکارا جانے لگا۔
میٹھے پانی کی اس جھیل میں 7 جزیرے ہیں۔ یہ جھیل 36 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے۔ اس کی لمبائی 14 کلومیٹر اور چوڑائی 9 کلو میٹر تک ہے۔ یہاں گومتی، جھاوری سمیت 9 ندیوں اور 99 نالوں کا پانی جمع ہوتا ہے۔
یہاں تعمیر کیا گیا ڈیم فن تعمیر کے نقطہ نظر سے توجہ کا ایک مرکز ہے۔ ڈیم پر چھتری بھی سیاحوں کو راغب کرتی ہے۔
اس جھیل میں مختلف فلموں کی شوٹنگ بھی کی جا چکی ہے۔ مہارانا فتح سنگھ نے اس جھیل کے جنوب کی سِمت واقع پہاڑیوں پر کئی محل تعمیر کرائے تھے۔ یہاں تعمیر ہوا محل اور روٹھی رانی کا محل بہت مشہور ہے۔ جیسمند جھیل دیکھنے کے لیے ہر سال بڑی تعداد میں سیاح پہنچتے ہیں۔
جیسمند جھیل کے کنارے ایک وائلڈ لائف کا محفوظ مقام بھی ہے۔ جھیل میں کشتیوں کا لطف بھی سیاح لیتے ہیں۔ اگر آپ بھی اس مین میڈ جھیل کو دیکھنا چاہتے ہیں تو جھیلوں کے شہر ادے پور ضرور تشریف لائیں۔