ایل اے سی پر چینی فوج کے ذریعے بھارتی فوجیوں کو شہید کیے جانے سے ملک کی عوام میں بے حد ناراضگی ہے، یہی وجہ ہے کہ اپنے جوانوں کو کھونے کے بعد اجمیر شریف میں کانگریس کارکنان نے درگاہ بازار میں چین کے خلاف جم کر نعرے بازی کی اور وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے مجسمے کو نذر آتش کیا۔
اجمیر کانگریس لیڈر گوپال بہیتی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں چین کے ساتھ ہونے والے تمام تجارتی معاہدے منسوخ کئے جائیں اور بھارتی فوج کے جوانوں کی شہادت کا بدلہ جلد از جلد لیا جائے۔
واضح رہے کہ لداخ میں بھارت چین کے درمیان کشیدگی کے دوران بھارتی فوج کے 20 جوان ہلاک ہوگئے ہیں۔
اس واقعے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے۔
گذشتہ کئی دنوں سے لداخ کے گلوان وادی میں دونوں ممالک کی فوجیں آمنے سامنے کھڑی ہیں۔ دوسری جانب فوجی اعلی سطح پربات چیت کے ذریعہ کشیدگی دور کرنے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔
منگل کو صبح یہ خبر تھی کہ تین بھارتی جوان ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد سے ہی بھارت میں غصہ دیکھا جا رہا ہے۔
بھارت کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ اس معاملے میں وہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے اور ملک کے فخر کو بحال کریں گے۔