امرتسر: شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) کے صدر ہرجیندر سنگھ دھامی نے کہا کہ پنجاب حکومت بے گناہ سکھ نوجوانوں کو گرفتار کرنا بند کرے۔ ہرجیندر سنگھ دھامی نے پیر کو کہا ہے کہ پنجاب میں جان بوجھ کر معصوم سکھ نوجوانوں کو نشانہ بنانا درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ من گھڑت کہانیاں بنا کر نوجوانوں کو بغیر کسی الزام کے گرفتار کرنا ریاست کے مفاد میں نہیں ہے۔ پنجاب نے کئی دور دیکھے ہیں اور یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ ریاست کی موجودہ حکومت نے حالات میں ایک اور باب کا اضافہ کیا ہے۔ ایس جی پی سی کے صدر نے واضح طور پر کہا کہ پنجاب کے سکھ نوجوانوں نے نہ صرف ریاست بلکہ ملک اور دنیا کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ سکھ نوجوانوں کو بار بار شک کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی موجودہ حکومت بھی یہی غلطی کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Amritpal Singh Arrest Issue امرت پال کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے آج بھی بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کی کوئی غلطی سامنے آئی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ حکومت کسی بھی واقعہ کی آڑ میں ریاست میں دہشت کا ماحول پیدا نہ کرے۔ دھامی نے کہا کہ سکھ نوجوانوں میں شعور کو مجرم بناکر پیش کرنا حکومت کی بڑی غلطی ہوگی۔ پنجاب حکومت کو ایسی حرکتوں کو روکنے کا مشورہ دیتے ہوئے ایس جی پی سی کے صدر نے کہا کہ اگر حکومت مخلص اور سنجیدہ ہے تو اسے پنجاب کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری مشینری کا صرف سیاسی فائدے کے لیے استعمال مناسب نہیں۔
یو این آئی