امرتسر: پنجاب کانگریس میں ایک طویل عرصے سے کیپٹن امریندر سنگھ اور سابق ممبر پارلیمنٹ نوجوت سنگھ سدھو کے مابین تنازعہ کا دور جاری ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان پارٹی ہائی کمان کو بھی مداخلت کرنی پڑی، اس کے باوجود بھی سیاسی تنازعہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ریاست کی حکمران جماعت کانگریس کے اندر جاری تنازعات کا اثر اب سڑکوں پر دکھنے لگا ہے۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ اور سابق ممبر پارلیمنٹ نوجوت سنگھ سدھو کے مابین سوشل میڈیا پر ٹویٹر جنگ کے بعد، اب سڑکوں پر پوسٹر وار کا آغاز ہوگیا ہے۔
پٹیالہ سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں گزشتہ دنوں پوسٹر اور ہورڈنگز وزیراعلیٰ کی حمایت میں دیکھنے کو مل رہے تھے، لیکن اب امرتسر میں سابق ایم ایل اے اور کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو کی حمایت میں ہورڈنگز دکھائی دے رہے ہیں۔
امرتسر میں سابق ایم ایل اے اور کانگریس کے لیڈر نوجوت سنگھ سدھو کی حمایت میں پوسٹر لگے ہیں۔ پوسٹر میں لکھا ہے- 'سارا پنجاب سدھو نال' (پورا پنجاب سدھو کے ساتھ ہے)۔
اس وقت دونوں رہنماؤں کے مابین پوسٹر وار کے ذریعے خود کو بہتر ثابت کرنے کی جدو جہد جاری ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سابق ممبر پارلیمنٹ نوجوت سنگھ سدھو نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کی پیش کش کو بھی مسترد کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سدھو نے کیپٹن امریندر سنگھ کے ساتھ مل کر کام کرنے سے صاف انکار کردیا ہے۔