ریاست پنجاب کے کوٹک پورہ فائرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے پنجاب کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل سے 26 جون کو دفتر میں پیش ہونے کو کہا ہے۔ ایس آئی ٹی نے منگل کے روز پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل سے پوچھ گچھ کی تھی۔
فریدکوٹ میں سنہ 2015 میں مذہبی متن کی بے ادبی اور اس کے بعد مظاہرین پر پولیس کی جانب سے فائرنگ کے واقعہ کے دوران سکھبیر سنگھ بادل ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ تھے۔
پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد پنجاب حکومت نے کوٹک پورہ فائرنگ کی تحقیقات کے لئے ایک نئی ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ ہائی کورٹ نے پچھلی ایس آئی ٹی کی رپورٹ کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایس آئی ٹی کی ٹیم سابق وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل کے گھر پہنچی
شرومنی اکالی دل کے سربراہ کو جاری کیے گئے سمن میں کہا گیا ہے آپ سے گزارش ہے کہ 26 جون 2021 کو صبح 11 بجے چندی گڑھ کے سکٹر 32 میں واقع پنجاب پولیس آفیسرز انسٹی ٹیوٹ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے حاضر ہوں۔