لندن سے واپس لوٹا ایک شخص جو ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا تھا، اس کی گزشتہ شام موت کے بعد سوشل میڈیا میں ایسی افواہ پھیلی کہ وہ کورونا وائرس کا شکار تھا، جس سے پولیس اور انتظامیہ کی نیند اڑ گئی۔ پھگواڑا کے پٹیل نگر میں کورونا وائرس سے موت کی افواہ پھیلنے کے بعد ریاستی وزیر صنعت اور تجارت سندرشام اروڑہ سمیت ڈپٹی کمشنر دیپتی اُپل سمیت ضلع انتظامیہ، کپورتھلا کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ دیر رات پھگواڑا پہنچے۔
تفصیلات حاصل کرنے کے بعد محترمہ اُپل نے کورونا وائرس سے موت ہونے کی خبروں کو مسترد کیا۔
انہوں نے کہا 'مریض کو ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر تھا اور وہ کچھ وقت پہلے لندن سے واپس آیا تھا اور اس میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں تھی۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا 'ضلع میں ابھی تک کورونا وائرس سے کوئی موت نہیں ہوئی ہے'۔
گاندھی اسپتال کےڈاکٹر ستنام سنگھ پرمار نے رابطہ کرنے پر بتایا 'مریض کو جب اسپتال پہنچایا گیا تھا، اس کی موت ہو چکی تھی'۔
ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے بھی اپنے فرائض کی انجام دہی کے وقت دہشت پیدا كرنے سے گریز کرنے اور قومی مفاد کو ذہن میں رکھنے کی اپیل کی۔
انہوں نے بتایا کہ جو بھی مشتبہ مریض مل رہا ہے اس کی طبی جانچ کرائی جا رہی ہے۔