پلوامہ (جموں کشمیر) : لوک سبھا انتخابات نزدیک آنے کے ساتھ ہی جموں وکشمیر میں بھی سیاسی گرمیاں بڑھ رہی ہیں اور آئے روز سیاسی پارٹیاں سیاسی جلسے منعقد کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے یوتھ کانگریس کی جانب سے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ، اونتی پورہ میں ایک روزہ کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں پردیش کانگریس کمیٹی ممبران، کارکنان سمیت مقامی کانگریس حامیوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے نائب صدر سریندر سنگھ چنی نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی عام لوگوں کی تعمیر و ترقی کے لیے وعدہ بند ہے اور کانگریس پارٹی ترقی کے علاوہ یہاں کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔‘‘ انہوں نے برسراقتدار بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’بھارتیہ جنتا پارٹی نے یہاں کے لوگوں کو تکلیف کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔‘‘
یک روزہ کنونشن سے آل انڈیا یوتھ کانگریس کے جوائنٹ سیکریٹری منپریت سنگھ مانی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ’’جموں کشمیر میں کاروبار کو بھی بہت حد تک ختم کیا گیا ہے، جبکہ بے روزگاری کا گراف بھی بڑح چکا ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’اگر کانگریس کی پارٹی اقتدار میں آ جاتی ہے تو وہ جموں کشمیر میں ترقی کے نئے راستے استوار کرے گی۔‘‘
مزید پڑھیں: ’اب بہت ہوا، الیکشن ہونے ہی چاہئے‘
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے منپریت سنگھ نے بتایا کہ ’’ملک کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی کانگریس کا وقار بڑھ رہا ہے اور آنے والے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس حکومت بنائے گی اور راہل گاندھی ملک کے اگلے وزیر اعظم ہوں گے۔‘‘ کنونشن میں ریاستی کانگریس کے نائب صدر سریندر سنگھ چنی، آل انڈیا یوتھ کانگریس کے جواائنٹ سیکریٹری منپریت سنگھ مانی، جموں کشمیر یوتھ کانگریس کے سٹیٹ نائب صدر شعیب ماگرے، پارٹی لیڈر ایڈوکیٹ ضمیر فاروق اور دیگر لیڈران و کارکنان کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔