پلوامہ (جموں و کشمیر) : موسمیاتی تبدیلی کے خصوصی حوالے سے ’’پائیدار ترقی کے اہداف‘‘ کے موضوع پر اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی) اونتی پورہ میں تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کیا گیا۔ کانفرنس کو مشترکہ طور پر سائنس اور انجینئرنگ ریسرچ بورڈ حکومت ہند، انڈین نیشنل سائنس اکیڈیمی، جے کے بینک اور اسلامک یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر سپانسر کیا ہے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر پروفیسر دنیش سنگھ، وائس چیرمین جے اینڈ کے ہائر ایجوکیشن کونسل بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ پروفیسر نیلوفر خان وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی، پروفیسر شکیل احمد رومشو وائس چانسلر اسلامک یونیورسٹی اور کمشنر سیکریٹری سائنس و ٹیکنالوجی سوربھ بھگت اور ملک اور عالمی سطح کے ماہرین ماحولیات اور سائنسدان بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے سماج کے سبھی طبقہ جات کو آگے آنے کی اپیل کی گئی۔
پروفیسر نیلوفر خان نے کہا کہ ’’یہ ماحول ہماری آنے والی نسلوں کا قیمتی سرمایہ ہے اور اسے اپنے بچوں اور نواسوں کے لیے محفوظ کرنا ہمارا فرض ہے۔‘‘ پروفیسر دنیش سنگھ نے کہا کہ ’’اس وقت نسل انسانی خطرے میں ہے اور ہمیں اس چیلنج سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ماحول کے تحفظ میں سرگرمی سے حصہ لیں اور کرہ ارض کو موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک خوبصورت جگہ برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
مزید پڑھیں: IUST Orientation Programme اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ میں اورینٹیشن پروگرام منعقد
ڈاکٹر آصفہ بابا، ڈین آف اسٹوڈنٹس IUST اور کنوینر نے کہا کہ ’’اس کانفرنس کا انعقاد موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور اس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ایک اہم اقدام پر زور دینے کے لیے کیا گیا ہے۔‘‘