جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ کے ترال میں محکمہ جل شکتی کی طرف سے سڑک کے ایک کنارے پر پایپ لائن کو تبدیل نہ کرنے اور ان پائپوں میں پانی کا رساؤ ہونے سے تنگ آکر پستونہ ترال میں عوام نے خاموش احتجاج کر کے انتظامیہ تک اپنی بات پہنچانے کی کوشش کی۔
بتادیں کہ سب ضلع ترال کے پستونہ علاقے میں ان دنوں سڑک کی مرمت کا کام جاری ہے لیکن تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر خستہ حال سڑک پر تار کول اس لئے نہیں بچھایا جا رہا ہے کیونکہ وہاں محکمہ جل شکتی نے پائپ لائن میں ضروری مرمت نہیں کی ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق بیس سال کے بعد ان کی سڑک پر تار کول بچھایا جا رہا ہے لیکن اگر محکمہ جل شکتی پائپ لائن کو ٹھیک نہیں کرے گا تو پھر ان کی سڑک کی خستہ حالی دور نہیں ہو گی۔
ایک مقامی شہری نے بتایا کہ متعلقہ حکام اس اہم مسئلے کو نظر انداز کر رہے ہیں اور بار بار کی گزارش کے باوجود اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ مکانات کے نزدیک حفاظتی باندھ بھی تعمیر نہیں کئے جا رہے ہیں۔
آبادی نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے۔