پلوامہ: معراج النبی (صلی اللہ علیہ وسلم) کی نسبت سے جنوبی کشمیر کے ترال علاقے کے اوری گنڈ گاؤں میں ایک دینی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں مقامی باشندوں، دینی مکتب میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں سب ضلع ترال کے کئی علماء کرام و واعظین نے بھی شرکت کرکے فلسفہ معراج پر مفصل بیانات کیے۔
مقررین، علماء کرام نے فلسفہ معراج اور اس عظیم معجزے کے روحانی اور فلسفی نکات بیان کرتے ہوئے حاضرین پر زور دیا کہ وہ ’’شریعت کے مطابق ہی اپنی زندگی گزاریں کیونکہ اسی میں کامیابی کا راز مضمر ہے۔‘‘ قبل ازیں دینی مکتب میں زیر تعلیم طلبہ نے تلاوت کلام اللہ اور نعتیہ مقابلوں میں شرکت کر کے حاضرین کو محضوظ کیا۔ تقریب کے دوران اہمتام عالمی امن خصوصاً وادی کشمیر کے لیے خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جن علماء کرام نے اس پروگرام میں بیانات کیے ان میں مولانا سہیل احمد قادری، مولانا عبد القیوم عطاری اور حافظ جاوید قابل ذکر ہیں۔
میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبد القیوم عطاری نے بتایا کہ ’’اس کانفرنس میں قرب وجوار سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شمولیت کی جبکہ علمائے کرام نے اپنے اپنے موضوعات پر سیر حاصل بحث کی۔‘‘ عطاری نے والدین کو اپنے بچوں کی قرآنی تعلیمات کے لئے فکرمند رہنے اور اس ضمن میں خصوصی انتظامات اٹھائے جانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا: ’’اسی (حصول تعلیم دین) سے ہماری نسلوں کی تقدیر سنور سکتی ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: Urs of Hazrat Ameer Kabeer (RA): ترال : خانقاہ فیض پناہ میں عرسِ شاہ ہمدانؒ عقیدت کے ساتھ منایا گیا
یاد رہے کہ معراج عالم کے مواقع پر جہاں وادی کشمیر کے طول و ارض میں متعدد مقامات پر مساجد و خانقاہوں میں دینی اجتماعات، شب خوانی کی مجالس آراستہ ہوئین وہیں متعدد علاقوں میں نعت و تلاوات کلام کے مقابلوں سے سمیت دینی اداروں میں خصوصی مجالس کا اہتمام کیا گیا۔