پلوامہ: کسان شرامیک سرکشا یوجنا کی جانب سے ضلع پلوامہ کے نرگستان، ترال میں بیداری کم ڈسٹریبوشن کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ کیمپ میں نرگستان سمیت ملحقہ دیہات سے تعلق رکھنے والے باشندوں، جن میں خواتین کی بھی خاصی تعداد شامل ہے، نے شرکت کی۔ اس موقع پر لوگوں کو کسان شرامیک سرکشا یوجنا سے وابستہ اہلکاروں نے شروع کی گئی مختلف فائدہ مند اسکیموں کے بارے میں آگاہ کیا۔
اس موقع پر ایک مفت میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا جبکہ شرکاء کو فوڈ کٹس اور طلبہ کو اسٹیشنری کا سامان بھی فراہم کیا گیا۔ طبی کیمپ میں مدعو کیے گئے ڈاکٹروں نے میڈیکل کیمپ میں آئے مریضوں کا معائنہ کیا اور ان میں ادویات بھی مفت تقسیم کیں۔ میڈیکل کیمپ کے دوران سرطان اور گردے کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کو 5,000 روپئے نقد فراہم کیے گئے جبکہ منتظمین کی جانب سے مستقبل میں بھی اس طرح کے کیمپس منعقد کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کسان شرامیک سرکشا یوجنا کے جنرل سیکریٹری آصف یوسف صوفی نے بتایا کہ برف اور شدید سردی کے باوجود نرگستان جیسے دور افتادہ علاقے میں جانکاری کیمپ کے ساتھ ساتھ ایک میڈیکل کیمپ بھی منعقد کیا گیا جس کے لیے نہ صرف علاقے کے مقامی سرپنچ بلکہ انتظامیہ بھی مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے اپنا تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مستقبل میں بھی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: Awareness Camp in tral: دودھ کلن، ترال میں خواتین کے لیے آگاہی کیمپ منعقد
ادھر، مقامی باشندوں نے کیمپ کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل بھی اس طرح کے کیمپس منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔