پلوامہ (جموں و کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں محکمہ تعمیرات عامہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کونجو، راجپور کے باشندوں نے سڑک کی خستہ حالی کے تئیں ناراضگی کا اظہار کیا۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ علاقے کی سڑکیں انتہائی خستہ ہو چکی ہیں۔ سڑکوں پر جگہ جگہ بڑے اور گہرے گڑھے ہو گئے ہیں جن میں جمع بارشوں کا پانی راہگیروں اور مقامی باشندوں کے لئے پریشانیوں کا باعث بنا ہوا ہے۔
مظاہرہین نے محکمہ تعمیرات عامہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ علاقے کی سڑکیں کئی برسوں سے خستہ ہے تاہم متعلقہ محکمہ سے بار بار رجوع کرنے کے باوجود سڑکوں کی مرمت کے تئیں ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ خستہ حال سڑکوں کے باعث مقامی باشندوں کو عبور و مرور میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باندوں نے کہا: ’’معمولی بارشوں کے دوران سڑکیں تالاب کی شکل اختیار کر لیتی ہیں جبکہ خشک موسم میں اٹھنے والا گرد و غبار لوگوں کی پریشانیوں کا باعث بنا ہوا ہے۔‘‘
مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے یہ معاملہ کئی بار متعلقہ افسران کی نوٹس میں لایا تاہم صرف یقین دہانی کی گئی جبکہ زمینی سطح پر سڑک کی مرمت کے لیے کوئی بھی اقدام نہیں کیا گیا۔ ادھر، جب ای ٹی بھارت نے متعلقہ محکمہ کے ایک افسر سے اس سلسلے میں بات کی ہے تو انہوں نے نمائندے کو فون پر بتایا کہ علاقے کی سڑک پر تعمیری کام شروع کیا گیا تھا تاہم کنٹریکٹر کو ویرفیکیشن کا مسئلہ در پیش آیا جس کے سبب سڑک کی تعمیر و مرمت کا کام روک دیا گیا۔ جبکہ ٹھیکہ دار کی وریفکیشن مکمل ہونے کے بعد اس نے کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ متعلقہ افسر نے مزید کہا ہے کہ سڑک پر دوبارہ کام جلد شروع کرنے کے لئے جلد ہی ٹینڈرنگ کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: پلوامہ: خستہ حال سڑک سے عوام کو مشکلات