محکمہ جل شکتی کی جانب سے بی ڈی او آفس ڈاڈسرہ، ترال میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پینے کے پانی کی ٹیسٹنگ کے حوالے سے ماہرین نے پروگرام میں شرکت کرنے والوں کو آگاہی فراہم کی۔
پروگرام میں AEE پی ایچ ای، بی ڈی او ڈاڈسرہ، جل شکتی اور بلاک ملازمین کے علاوہ پنچوں، سرپنچوں نے شرکت کی اور ماہرین سے جانکاری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
پروگرام کے اختتام پر سرپنچوں کو جل شکتی کی جانب سے واٹر ٹیسٹنگ کٹس مفت فراہم کیے گئے، تاکہ وہ متعلقہ علاقوں میں سپلائی کیے جا رہے پانی کے معیار کی بروقت جانچ کر سکیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے محکمہ جل شکتی (ڈویژن ترال) کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر سہیب یوسف نے بتایا کہ ’’جل جیون مشن‘‘ کے ذریعے ہر گھر کو نل سے جوڑنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور ترال علاقے میں صارفین کو پینے کا پانی سپلائی فراہم کرنے کے لیے مختلف اہم اسکیمز کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ضلع پلوامہ کے دودھ مرگ، ترال میں عوامی دربار کا انعقاد
انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو معیاری پانی سپلائی کیے جانے کو یقینی بنانے کے لیے منتخب عوامی نمائندوں کو نہ صرف واٹر ٹیسٹنگ کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے بلکہ انہیں محکمہ کی جانب سے واٹر ٹیسٹنگ کٹس بھی مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔