وادی کے مختلف اضلاع کی طرح ضلع پلوامہ میں بھی ڈی ڈی سی ممبران کے لئے حلف برداری کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں نو منتخب ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) ممبران کو حلف دلایا گیا۔
ڈی ڈی سی انتخابات میں کامیابی درج کرنے والے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) لیڈر وحید الرحمن پرہ اس وقت این آئی اے کی تحویل میں ہے جس کی وجہ سے وہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔ تاہم دیگر13 ڈی ڈی سی ممبران کو حلف دلایا گیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر راگھو لنگر نے ڈی ڈی سی ممبران کو حلف حلف دلایا۔ اس موقع پر اے ڈی سی پلوامہ، اے ڈی سی ترال، ایس ایس پی پلوامہ کے علاوہ مختلف محکموں کے افسرآن بھی موجود تھے۔
حلف برداری کی تقریب کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر نے ڈی ڈی سی ممبران کو مبارکبادی پیش کی۔ انہوں نے ممبران کو متعلقہ علاقوں میں ذمہ داری اور عوامی بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کرنے کا مشورہ دیا۔
مزید پڑھیں؛ ڈی سی کولگام نے نو منتخب ڈی ڈی سی ممبران کو حلف دلایا
اس موقع پر ڈی سی نے کہا کہ ’’ان ڈی ڈی سیز کے وجود میں آنے سے جموں کشمیر کی تعمیر و ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوجائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ یہاں جمہوریت کی جڑیں بھی مضبوط ہو جائیں گی جس سے یہاں کے لوگوں کو ہر طرح کے حقوق مل جائیں گے۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈی ڈی سی ممبران نے متعلقہ علاقوں میں تعمیر و ترقی، لوگوں کی بہبودی کے لیے ہمہ تن کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ انتظامیہ و مرکزی سرکارکی جانب سے وضع کی جانے والے والی تمام اسکیموں کو اپنے علاقہ جات تک پہنچانے کی پوری سعی کریں گے۔
واضح رہے کہ ضلع پلوامہ میں 14ڈی ڈی سی نشستوں پر انتخابات ہوئے جن میں پی ڈی پی کے وحید الرحمن پرہ نے بھی ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔ تاہم این آئی اے نے انہیں دیوندر سنگھ کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا ہوا ہے جس وجہ سے وہ نہ تو الیکشن کی تشہیری مہم میں حصہ لے سکے اور نہ ہی حلف برداری کی تقریب میں شامل ہو سکے۔