پلوامہ(جموں و کمشیر): سنہ 2019میں 14فروری کو پلوامہ ضلع کے لیتہ پورہ علاقے میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے چالیس سے زائد اہلکا خودکش حملہ میں ہلاک ہوئے تھے۔ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کشمیر یونٹ نے منگل کو لیتہ پورہ، پلوامہ میں ایک تقریب کے دوران ہلاک ہوئے سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور حملہ کی جگہ پر پھول نچھاور کرکے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
بی جے پی (جموں و کشمیر) کے ترجمان الطاف ٹھاکر کی قیادت میں پارٹی سے تعلق رکھنے والے لیڈران و کارکنان نے لیتہ پورہ میں منعقدہ تقریب کے دوران سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گلباری کی۔ خراج عقیدت پیش کرنے والے بی جے پی کارکنان نے بتایا کہ ’’ہمارے دل ان بہادر سپاہیوں کی عظمت سے ہمیشہ سرشار رہیں گے۔ ان کے اہل خانہ کے لیے دعائیں کہ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بہادر نفوس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے بی جے پی ترجمان الطاف ٹھاکر نے بتایا کہ پلوامہ حملے میں مارے گئے (چالیس سے زائد) اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے انہوں نے یہاں حاضری دی ہے کیونکہ ’’ان بہادر نوجوانوں کی قربانیوں سے ہی کشمیر میں ہر جگہ ترنگا لہرا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اب کشمیر میں حالات معمول پر آرہے ہیں اور ترنگا لہرانے کے لیے ہر دل بے تاب ہے کیونکہ اب کشمیر پوری طرح بدل چکا ہے۔ اور امن و امان کا دور دورہ ہے۔‘‘
مزید پڑھیں:Pulwama Attack Anniversary 'پلوامہ حملہ کے بعد وادی کے حالات کافی بہتر ہوئے ہیں'
یہ پوچھے جانے پر کہ اگر حالات پر امن ہیں تو الیکشن منعقد کیوں نہیں کیے جا رہے؟ ٹھاکر نے کہا: ’’الیکشن منعقد کرنا الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے نہ کہ بے جے پی کے ہاتھ میں۔‘‘ ٹھاکر نے دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ہمیشہ الیکشن کے لیے تیار ہے۔