جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ کے پولیس ڈسٹرکٹ اونتی پورہ کے تحت آنے والے علاقوں میں منشیات اور غیر قانونی طور پر کاشت کی جا رہی خشخاش اور بھانگ کی فصل کو تباہ کرنے کے لیے جدید مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی اونتی پورہ طاہر سلیم نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار غیر قانونی طور پر کاشت کی جا رہی بھانگ اور خشخاش کے خلاف مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ اس غیر قانونی کاشتکاری میں ملوث 50 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 250 کنال اراضی پر پھیلی ہوئی خشخاش اور بھانگ کی فصل کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او اونتی پورہ اعجاز چودھری بھی موجود تھے۔
مقامی لوگوں نے اونتی پورہ پولیس کی منشیات مخالف مہم کی ستائش کی ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ ایسے اقدامات سے منشیات کی لت میں مبتلا نوجوان کو بچایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ منشیات کے خلاف مہم پوری وادی میں شروع کی جائے۔