پلوامہ (جموں و کشمیر) : اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اونتی پورہ، کشمیر نے ’’اکیڈمی آف ہاسپیٹل ایڈمنسٹریشن، انڈیا‘‘ کے اشتراک سے صحت کے پیشے سے وابستہ افراد کے لئے ایک پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا۔ پروگرام میں یونیورسٹی عملہ کے علاوہ طالب علموں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اکیڈمی آف ہاسپیٹل ایڈمنسٹریشن کے صدر ڈاکٹر یشپال شرما مہمان خصوصی کے طور پر موجود رہے جنہوں نے شرکاء کو موضوع سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔ اسلامک یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشو نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ پروگرام کے دوران سید منطقی میموریل کالج آف نرسنگ کی پرنسپل عصمت پروین بھی موجود رہی۔
پروفیسر منظور احمد ملک، ڈین اکیڈمکس آف اسلامک یونیورسٹی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جس میں انہوں نے اسلامک یونیورسٹی کے نرسنگ کالجز کے کام کے بارے میں بات کی اور کہا کہ ’’نرسنگ کورس سب سے زیادہ مطلوبہ کورسز میں سے ایک ہے جس میں اعلیٰ ترین تقرریوں کا حصول ہے۔‘‘ ڈاکٹر فارا شفیع، بلاک میڈیکل آفیسر، حضرت بل نے شکریہ کے کلمات پیش کیے اور کہا کہ ’’پرنسپل، نرسنگ کالجز اسلامک یونیورسٹی، محترمہ عصمت پروین، فیکلٹی اور نرسنگ کالجز کے طلباء کے ساتھ اس پروگرام کو مربوط کر رہی ہیں۔ مناسب بات یہ ہے کہ اس پروگرام میں محکمہ صحت جموں و کشمیر، میڈیکل کالجوں اور نرسنگ کے شرکاء کے ساتھ متعلقہ موضوعات پر تیرہ سیشن شامل ہیں۔‘‘
حاضرین نے منتظمین کی جانب سے منعقد کیے گئے اس پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز منعقد کرنے کی امید ظاہر کی۔