سری نگر: پولیس نے اے ٹی ایم کارڈ مشین سے مبینہ طور پر دوسرے کا اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرکے پیسے نکالنے کے الزام میں ایک اے ٹی ایم گارڈ کو گرفتار کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن راج پورہ کو 14 نومبر کو محمد یوسف ڈار ولد عبدالغنی ڈار ساکن تجن نامی ایک شخص کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ اس کے 28 ہزار روپیے چوری ہوئے یا کسی نامعلوم شخص کے ذریعے اس کے اکاؤنٹ سے نکالے گئے۔بیان میں کہا گیا کہ شکایت موصول ہونے پر ایک کیس درج کیا گیا اور اس ضمن میں تحقیقات شروع کی گئیں جس کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ATM Card Fraud In Pulwama
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران تکنیکی وسائل کی مدد سے یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے نقاب لگا کر شکایت کنندہ کا اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرکے ڈلی پورہ میں اے ٹی ایم مشین سے یہ رقم نکالی ہے۔بیان میں کہا گیا، 'مزید تحقیقات سے ملزم کی شناخت شبیر احمد پوسوال (جو پکھر پورہ اے ٹی ایم میشن پر تعینات اے ٹی ایم گارڈ ہے) ولد محمد قاسم پوسوال ساکن سونہ بنجر راج پور کے بطور ہوئی ہے۔'
موصوف ترجمان نے کہا کہ ملزم کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا جس دوران اس نے جرم کا اعتراف کیا۔انہوں نے کہا: ملزم کے انکشاف پر 28 ہزار روپیے نقدی اور چار مختلف گاہکوں کے چار اے ٹی ایم کارڈ بر آمد کیے گئے۔' بیان کے مطابق اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
یو این آئی