ضلع پلوامہ کے ترال کے کئی دیہات میں کوہلوں کی صفائی نہ کرنے سے مقامی لوگ محکمہ دیہی ترقی سے ناراض نظر آ رہے ہیں۔ حکام کی عدم توجہی سے علاقے کی نہروں کی ہیئت تبدیل ہو کر رہ گئی ہے۔ تازہ معاملہ ناوپورہ گاؤں میں سامنے آیا ہے جہاں دو آبپاشی نہروں میں گندگی کے ڈھیر جمع ہونے کی وجہ سے مقامی آبادی سراپا احتجاج ہے۔
عبدل رحیم نام کے ایک مقامی شخص نے بتایا کہ شلن کوہل نہر کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے یہ کوہل ایک درے میں تبدیل ہو کر رہ گئی ہے۔
محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے نریگا اسکیم کے تحت لاکھوں روپے خرچ تو کیے جاتے ہیں لیکن یہاں الٹی گنگا بہتی ہے۔ سارے کام نزدیکی گاؤں املر میں ہوتے ہیں جبکہ ہمارا گاؤں بالکل نظر انداز کیا جاتا ہے۔
ایک اور شخص غلام محمد نے بھی الزام لگایا کہ محکمہ دہی ترقی گاؤں دیہات کی ترقی کے دعوے تو کرتا ہے لیکن یہاں کچھ نظر نہیں آتا جبکہ اس محکمے کی وجہ سے دو نہروں کی صفائی بھی نہیں کی جاتی اور کام تو دور کی بات ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ترال:مگس بانی کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد
اس حوالے سے بی ڈی او ڈاڈسرہ ثاقب مرتضی نے کہا کہ مذکورہ کوہلوں کی صفائی کی گئی ہے جبکہ اریگیشن محکمے کے ساتھ ملکر حفاظتی باندھ بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ناوپورہ کو نظر انداز کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور ضابطوں کے تحت وہاں بہت کام ہوئے ہیں۔