سرینگر: اسٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے نارکو ٹیرر فنڈنگ کیس میں ملوث دو ملزمان کی غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کیا ہے۔ایس آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی آر زیر نمبر 19/2022اور یو اے پی اے کی مختلف دفعات کے تحت درج کیس کے سلسلے میں خصوصی عدالت کی طرف سے جاری حکم نامے کی تعمیل میں نارکو ٹیرر فنڈنگ کیس میں ملوث دو ملزمان کی جائیدادوں کو ضبط کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لارکی پورہ اونتی پورہ میں عبدالرشید بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن لارکی پورہ پدگام پورہ اونتی پورہ کی ایک کنال 6.5مرلہ اراضی زیرکھیوٹ نمبر 9اور امر گڑھ سوپور میں عبدالرشید میر ولد سلطان میر ساکن امر گڑھ سوپور کی پانچ کنال اراضی زیر سروے نمبر 1463اور 1458کو قرق کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں مفرور ملزمان جنہیں اشتہاری قرار دیا گیا ہے گزشتہ ایک سال سے گرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش ہیں کے خلاف تحقیقاتی ایجنسی نے خصوصی عدالت کے حکم پر غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کرنے کی کارروائی شروع کی ہے۔
مزید پڑھیں:
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس کیس میں، ایس آئی اے نے اب تک سات ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن میں ایک مفرور ملزم جس سے اشتہاری قرار دیا گیا تھا نے بعد ازاں معزز خصوصی عدالت کے سامنے خود سپردگی کی تھی۔چھ کے خلاف پہلے ہی عدالت مجاز میں چارج شیٹ دائر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ بقیہ پانچ مفروملزمان کو بھی اشتہاری قرار دیا گیا اور ان میں وہ بھی شامل ہیں جو اس وقت پاکستان میں مقیم ہیں۔