پلوامہ: جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال میں برفباری سے پیدا شدہ صورتحال سے جہاں انتظامیہ نے پہلے ہی کنٹرول روم قائم کیا ہے وہیں آج صبح سے ہی میونسپل کارپوریشن ترال کے ملازمین کو مشینری بس اسٹینڈ، ترال بالا، ترال پایین اور اسپتال روڈ پر برف صاف کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ صدر میونسپل کارپوریشن ترال منظور احمد خان نے ازخود برف صاف کرنے کی مہم کی قیادت کی اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد برف ہٹانے کا کام کریں تاکہ عوام کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقعے پر متعدد عوامی وفود نے ترال ٹاون کے گلی کوچوں سے برف صاف کرنے کی مانگ کی جس پر صدر موصوف نے انہیں یقین دلایا کہ آج شام تک تمام راستے صاف کر دیے جائیں گے۔ اس موقعے پر سیکرٹری فاروق احمد کے علاوہ کونسلر نزیر احمد اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے صدر ایم سی ترال منظور خان نے بتایا کہ برفباری اگرچہ نیک شگون ہے تاہم آج صبح سے ہی میونسپل کارپوریشن ترال کا عملہ متحرک رہا جس دوران نہ صرف مشینری کو برف صاف کرنے کے لیے لگایا گیا بلکہ صفائی ملازمین کو بھی کام پر لگایا گیا، تاکہ ٹریفک کی نقل و حمل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا کہ کچھ لوگ گاڑیوں کو سڑکوں پر پارک کرتے ہیں جسکی وجہ سے مسافروں کو چلنے پھرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انہوں نے ترال ٹاون کے لوگوں کو یقین دلایا کہ آج شام تک تمام گلی کوچوں سے برف صاف کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Snow Clearness In Anantnag اننت ناگ میں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شدومد سے جاری
واضح رہے کہ اس وادی کشمیر کے دیگر علاقوں کی طرح سب ضلع ترال میں بھی برفباری کا سلسلہ آج صبح سے ہی شروع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہیں اور لوگ اپنے گھروں کے اندر ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں حالانکہ سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے اطلاعات کے مطابق ترال کے بالائی علاقوں نارستان، حاجن، زراڈی ہارڈ، ناگہ بل، کارمولہ میں شدید برفباری ہوئی ہے اور وہاں اب تک پانچ انچ برف جمع ہو چکی ہے میدانی علاقوں میں دو سے تین انچ برف جمع ہوئی ہے ادھر برفباری سے علاقے کے زمینداروں نے خوشی کا اظہار کیا ہے کیونکہ لمبے عرصے سے علاقے میں برفباری یا بارش نہیں ہوئی تھی جسکی وجہ سے سوکھا پڑنے کے امکانات بڑھ گیے تھے۔ تاہم آج کی برفباری نے کسانوں کے چہروں پر مسکراہٹ لائ ہے اور وہ اچھی فصلوں کی امید کر رہے ہیں۔ ادھر ترال انتظامیہ پہلے ہی کنٹرول روم قایم کیا ہےاور انتظامیہ پوری طرح تیار ہے اور مشینری کے ساتھ ساتھ ملازمین کو بھی تیار، رہنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ د عوام کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ عوامی سہولیات کے لیے کنٹرول روم بھی قایم کیا گیا ہے۔