جموں و کشمیر کے سب ضلع ترال کے منگہامہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے 19 برس کے عارف احمد شیخ چند روز قبل لاپتہ ہوگیا تھا، جس کے بعد آج گمشدہ نوجوان کے اہل خانہ نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے کو جلد از جلد واپس گھر پہنچانے میں مدد کریں۔
ویڈیو میں گمشدہ عارف کی والدہ کہہ رہی ہیں کہ ان کا بیٹا عارف سرینگر میں پیکس آٹو موبائل کمپنی میں کام کرتا تھا، لیکن گزشتہ سنیچر سے اس کی کوئی خبر نہیں ہے، اور وہ ابھی تک گھر بھی نہیں آیا ہے، جس کی وجہ سے وہ پریشان ہے کیونکہ وہ گھر کا واحد سہارا تھا۔
ویڈیو میں عارف کی بہن بھی اپیل کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ اس کا بھائی ہر سنیچر کو گھر واپس آتا تھا تاہم گذشتہ سنیچر کو وہ گھر نہیں آیا اور اس کا موبائل فون بھی بدستور بند آ رہا ہے،
بہن نے مزید کہا کہ ہر سنیچر کی طرح گذشتہ سنیچر کو بھی ہم بھائی کے انتظار میں تھے لیکن وہ گھر نہیں آیا، لیکن آرمی ہمارے گھر آئی جس کی وجہ سے ہمارے ذہن میں شک پیدا ہوگیا ہے کہ ہم نہیں جانتے کہ وہ کہاں ہے، زندہ ہے بھی کہ نہیں، اس لیے ہم گزارش کرتے ہیں کہ وہ جہاں بھی ہو اور جس کے پاس بھی ہو، اس کو محفوظ طریقے سے گھر بھیج دیا جائے، کیونکہ وہ ہمارے گھر کا واحد سہارا تھا اور والدہ بھی علیل ہیں۔