پلوامہ: جی ٹوئنٹی تقریبات کے ایک حصے کے طور آج ترال میں منشیات مخالف ریلی نکالی گئی۔ ریلی کو گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ترال سے اے ڈی سی ترال ساجد یحییٰ نقاش اور ایس ایچ او ترال عبدالرحمان نے ربن کاٹ کر روانہ کیا۔ یہ ریلی ترال کے مختلف بازاروں سے ہوتے ہوئے ترال بس اسٹینڈ پر اختتام پزیر ہوئی۔ منشیات مخالف اس ریلی میں ترال کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم سینکڑوں طلاب سمیت، پولیس و سیول انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔ ریلی میں شامل افراد خاص کر طلبہ نے منشیات مخالف نعرے بازی بھی کی اور ترال کی عوام سے منشیات سے دور رہنے کا پیغام دیا۔ ریلی میں شامل طلبا و طالبات نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کے مضر اثرات سے متعلق پیغامات درج تھے ۔
ریلی میں شامل ایک طالب علم نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات نے ہمارے سماج کو بری طرح جکڑ لیا ہے اور اس حوالے سے اس طرح کی منشیات مخالف ریلیاں سماج میں ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اس تباہی سے بچانے کے لیے مجموعی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ترال کے اے ڈی سی ساجد یحییٰ نقاش نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سماج میں منشیات کا قلع قمع کرنے کے لیے ہم سب کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ منشیات ایک سم قاتل ہے جس کے خاتمے کے لیے ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے خشخاش کاشت کرنے والے افراد سے اپیل کہ وہ ایسا ہر گز نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں : Anti-Drug Rally in Poonch اسکولی طالبات نے انسداد منشیات ریلی نکالی