پلوامہ: لاڈی یار، ترال کی آبادی نے بجلی ٹرانسفارمر کے روز روز خراب ہونے سے تنگ آکر محکمہ بجلی کے خلاف ایک خاموش احتجاج کیا اور اپنا مطالبہ انتظامیہ تک پہنچانے کی کوشش کی۔ ٹینگہ پورہ، لاڈی یار کی آبادی نے اپنی ناراضگی کا برملا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’ایک طرف سرکار عوام کو راحت پہنچانے کے بلند و بانگ دعوے کرتی ہے وہیں دوسری جانب ٹینگہ پورہ کی بستی گزشتہ دس دنوں سے بجلی سے محروم ہے جسکی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے۔‘‘
میڈیا سے بات کرتے ہوے احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ انکے محلے کا ایک سو کلو واٹ بجلی ٹرانسفارمر قریباً ساٹھ گھروں کو روشن کرتا ہے جو کہ اکثر و بیشتر خراب رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں ٹرانسفارمر دو مرتبہ خراب ہو چکا ہے جسکے نتیجے میں مقامی لوگوں کو سخت دقتوں کا سامنا ہے جبکہ امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ ذہنی طور سخت متاثر ہو رہے ہیں۔
احتجاجیوں نے دعویٰ کیا کہ معاملے کی نسبت انہوں نے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام رجوع کیا اور لوگوں کو بجلی کی عدم دستیابی سے ہو رہے مسائل ان کی نوٹس میں لائے لائے تاہم لوگوں کی درخواست پر سنجیدگی کے ساتھ غور وخوض نہیں کیا گیا اور لاڈی یار کی آبادی گزشتہ کئی دنوں سے گھُپ اندھیرے میں ڈوب چکی ہے۔ لوگوں نے حکام سے بہتر صلاحیت والے ٹرانسفارمر کی مانگ کی ہے۔
مزید پڑھیں: Protest Against PDD in Banihal ماہو، بانہال میں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں نصب ایک سو کلوواٹ ٹرانسفارمر مقامی آبادی کے لیے ناکافی اور انہوں نے ٹرانسفارمر کی صلاحیت میں اضافہ کرنے یا ایک اور ٹرانسفارمر نصب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔