جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کھہگام علاقے کے باشندوں نے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ ان کے علاقے کا ٹرانسفارمر سولہ دن پہلے اوور لوڈنگ کی وجہ سے خراب ہو گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دو ہفتے گزرنے کے باوجود ابھی تک ٹرانسفارمر کی مرمت نہیں کی گئی۔
ایک مقامی باشندے یونس احمد نے بتایا ’’ٹرانسفارمر کی معمولی مرمت کے بعد اُسے واپس لایا جاتا ہے جو دو یا تین کے اندر ہی پھر سے خراب ہو جاتا ہے، محکمہ کی جانب سے ہر بار ایسا ہی کیا جاتا ہے۔‘‘
ایک مقامی طالب علم کا کہنا تھا کہ بجلی کی آنکھ مچولی اور اب غائب مکمل طور غائب ہونے کی وجہ سے طلباء کی پڑھائی بہت حد تک متاثر ہو رہی ہے۔
اس ضمن میں جب متعلق انسپکٹر پی ڈی ڈی محمد حسین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا: ’’ٹرانسفارمر کل تک ٹھیک ہو جانے کے بعد نصب کیا جائے گا اور کل ہی علاقے میں بجلی بحال کی جائے گی۔‘‘