ہلاک پولیس اہلکار کی شناخت آئی آر پی 10 بٹالین کے انوپ سنگھ جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت محمد ابراہیم کے طور پر ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے کھار کدل پریچھو علاقے میں جمعرات کی دوپہر کو عسکریت پسندوں نے پولیس اور 183 بٹالین سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ناکہ پارٹی پر اندھا دھند گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شدید طور پر زخمی ہوگئے جن میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا جبکہ دوسرے کی سرینگر کے مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملے کے فوراً بعد پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی گئی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
جموں وکشمیر پولیس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا: 'پلوامہ کے پریچھو میں دہشت گردوں نے پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی۔ واقعہ میں پولیس کے دو اہلکار زخمی ہوئے۔ تاہم ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا'۔
قبل ازیں بدھ کو وسطی ضلع گاندربل کے پاندچھ میں عسکریت پسندوں کے حملے میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے دو اہلکار ازجان ہوئے۔ حملہ آور مہلوک اہلکاروں کے ہتھیار بھی اڑا کر لے گئے تھے۔