پلوامہ: اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی)، اونتی پورہ سے وابستہ کالجوں نے جمعرات کو یونیورسٹی کے اے بی III آڈیٹوریم میں چھٹے ’’اورینٹیشن کم انڈکشن‘‘ پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا۔ پروگرام کی صدارت ڈین اکیڈمک افیئرز نے کی، جبکہ ڈین اسکول آف ہیلتھ سائنسز بطور مہمان ذی وقار موجود رہے۔ اس کے علاوہ ڈین سٹوڈنٹس ویلفیئر، ’’واٹسن کرک سنٹر فار مالیکیولر میڈیسن‘‘ کے ایچ او ڈی اور فیکلٹی، یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور دونوں نرسنگ کالجز کے طلباء نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تقریب حلف برداری اور چراغاں سے ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی، ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر منظور احمد ملک نے نرسنگ پروفیشن کے کردار کو سراہا اور اس پروفیشن کی اہمیت و افادیت کے حوالہ سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا: ’’بہتر صحت نظام کو یقینی بنانے میں نرسز کا اہم رول رہتا ہے۔‘‘ انہوں نے نے نرسنگ پروفیشن کو ’’نوبل پروفیشن‘‘ قرار دیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی اور ڈین اسکول ہیلتھ سائنسز پروفیسر ایوب قادری نے موجودہ حالات میں نرسنگ کے پیشے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نرسنگ کے پیشے کے تحقیقی پہلو پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ ڈین سٹوڈنٹس ویلفیئر ڈاکٹر آصفہ بابا نے بھی یونیورسٹی میں ڈین آف اسٹوڈنٹ آفس کی اہمیت کے بارے میں رائے دی۔
مزید پڑھیں: IUST Foundation Day: اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ کے 17ویں یوم تاسیس پر تقریب منعقد
تقریب میں نرسنگ کالجز کی پرنسپل پروفیسر (اے) عصمت پروین نے نئے طلباء کا والہانہ استقبال کیا۔ انہوں نے پیشہ ورانہ تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور طلباء کو "نرسنگ پروفیشن میں داخلہ لینے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت اور طالب علموں کو کالج اور یونیورسٹی میں دستیاب مختلف سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔