کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ کے ترال میں موجود شہجار گراونڈ میں اتوار کو بٹہ گنڈ پریمیر لیگ کا فائنل ایچ سی سی نور پورہ اور بٹہ گنڈ الیون کے درمیان کھیلا گیا جسکو نورپورہ کی ٹیم نے تین وکٹوں سے جیت کر ٹرافی اپنے نام کر نے میں کامیابی حاصل کی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ بیس اورز میں بٹہ گنڈ کی ٹیم نے 118 رن بنائے۔ جواب میں نور پورہ کی ٹیم نے شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کیا اور تین وکٹوں سے فائنل جیت لیا۔
نور پورہ کے جمشید نے کئی چھکے لگا کر شہجار گراونڈ میں میچ دیکھنے آئے ہزاروں تماشائیوں کو خوش کیا۔
فائنل کے اختتام پر ایک انعامی تقریب منعقد ہوئی جس میں بٹہ گنڈ پریمیر لیگ کی آرگنائزنگ ٹیم اور معزز شخصیات موجود تھیں۔
اس موقع پر ٹورنامنٹ اور فائنل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے اور وننگ ٹیم کو ٹرافی سے نوازا گیا۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے نور پورہ کے کپتان رمیز احمد نے فائنل میں جیت درج کرنے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ محنت کے ساتھ قسمت بھی ان پر مہربان رہی۔
بٹہ گنڈ ٹیم کے کپتان محمد اقبال جو کہ آرگنائزنگ باڈی کے چیرمین بھی ہیں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ پہلی بار ترال علاقے میں اس نوعیت کا ٹورنامنٹ کھیلا گیا جس میں وادی بھر سے 64 ٹیموں نے شرکت کی۔ انہوں نے انتظامیہ سے شہجار گراونڈ بٹہ گنڈ کو جازب نظر بنانے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ فائنل کا مقابلہ دیکھنے کے لے ہزاروں لوگ موجود تھے جنہوں نے فائنل کے دوران کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔