پلوامہ: بلند و بانگ سرکاری دعوؤں کے باوجود سرینگر جموں قومی شاہراہ سے محض ایک کلومیٹر دور حاجی بل، لیتہ پورہ گاوں آج کل کے جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ بنیادی ضروریات کی عدم موجودگی کے باعث ایک وسیع آبادی کو روزانہ کی بنیاد پر دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ Lack of Basic Facilities in Hajibal Letpora
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ ’’سرکار نے اس گاؤں کو پس پشت ڈال دیا ہے اور اس علاقے کی کوئی خبر لینے والا نہیں۔‘‘ لوگوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’گاؤں میں بنیادی سہولیات جیسے کہ رابطہ سڑک، پانی اور بجلی کا ناقص ترسیلی نظام عوام کے لیے سوہان روح بنا ہوا ہے اور عوام کو ناکردہ گناہوں کی سزا دی جارہی ہے۔‘‘
حاجی بل کے باشندوں کا کہنا ہے کہ گاؤں میں پینے کا پانی گزشتہ چالیس سال سے ایسا خواب بنا ہوا ہے جو ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو پا رہا ہے جبکہ رابطہ سڑک اور گلی کوچے اپنی زبوں حالی خود بیان کر رہے ہیں۔ حاجی بل، لیتہ پورہ کی جملہ آبادی نے انتظامیہ سے گاؤں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جانے کی اپیل کی ہے۔