پلوامہ: پلوامہ پولیس نے معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے قبضہ سے منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن لیتر کو ایک اطلاع موصول ہوئی کہ ضلع کے تملیہال علاقے کا رہائشی شکیل احمد گنائی نامی ایک شخص نوجوانوں کو منشیات فروخت کر رہا ہے اور اس نے اپنے رہائشی مکان میں منشیات چھپا رکھی ہیں۔ منشیات سے متعلق اطلاع موصول ہوتے ہی پلوامہ پولیس نے کارروائی شروع کر دی اور پولیس پارٹی نے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کے ہمراہ تملیہال، پلوامہ میں شکیل احمد کے رہائشی مکان پر چھاپہ مارا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رہائشی مکان کی تلاشی کے دوران 10.5 کلو گرام بھنگ پاؤڈر کے 2 تھیلے برآمد ہوئے، جنہیں فوری طور ضبط کرکے منشیات فروش کو گرفتار کر لیا گیا۔ پلوامہ پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ 11/2023 این ڈی پی ایس ایکٹ 8/20 کے تحت پولیس اسٹیشن لیتر میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پلوامہ پولیس نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت اور قانونی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گیں۔ انہوں نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ معاشرے سے منشیات کی بدعت کو ختم کرنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
مزید پڑھیں: Drug Menace in Kashmir منشیات- جرائم کے بڑھنے کا باعث
ادھر، مقامی باشندوں نے منشیات فروشی کے خلاف پولیس کارروائیوں کی سراہنا کی ہے وہیں پولیس نے سماج سے منشیات کا پوری طرح قلع قمع کرنے میں عوامی تعاون طلب کیا ہے۔