پلوامہ (جموں و کشمیر) : ڈی ڈی سی ممبر، آری پل، منظور احمد گنائی اور گوردوارہ پربھندک کمیٹی، ترال کے ممبران ایک وفد کی صورت میں اے ڈی سی ترال، ایس وائی نقاش کے ساتھ ملاقی ہوا۔ وفد نے نقاش کو ترال میں یہ عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ترال میں جامع تعمیر نو کے لیے وہ ہر وقت انتظامیہ کو تعاون فراہم کریں گے۔ واضح رہے کہ نقاش سے قبل شبیر احمد رینہ بطور اے ڈی سی تعینات تھے۔
اس موقع پر گوردوارہ پربھندک کمیٹی کے وفد نے اے ڈی سی ترال کو بیساکھی کی آمد پر دعوت نامہ بھی پیش کیا اور اس متبرک تہوار کے موقع پر بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی درخواست بھی دی اور مطالبہ کیا کہ ’’اس بڑے دن کی مناسبت سے تمام انتظامات کیے جائیں۔‘‘ ادھر، ڈی ڈی سی ممبر آری پل، منظور گنائی، نے اے ڈی سی سے ملاقات کے دوران انہیں یقین دلایا کہ آری پل علاقے میں جامع تعمیر و ترقی کے لیے وہ اپنا دست تعاون پیش کریں گے۔ اے ڈی سی نے وفود کو یقین دلایا کہ متبرک ایام کے دوران لازمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے منظور گنائی نے کہا کہ بیساکھی اور شب قدر کے مقدس تہواروں کے لیے ضروری انتظامات کے حوالے سے انہوں نے اے ڈی سی سے ملاقات کی ہے تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ گردوارہ پربھندک کمیٹی کے ضلع صدر ماسٹر کلونت سنگھ نے بتایا کہ اے ڈی سی نے سکھ ڈیلی گیشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ بیساکھی کے موقع پر تمام تر ضروری انتظامات کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: Farewell For ADC Tral ترال میں اے ڈی سی کے حق میں الوداعیہ تقریب کا اہتمام