پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ڈلی پورہ علاقے کے باشندوں محکمہ جل شکتی کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجیوں، جن میں خواتین بھی شامل تھی، نے، رہمو پلوامہ رابطہ سڑک پر دھرنا دیکر محکمہ جل شکتی کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاجیوں کا الزام ہے کہ محکمہ جل شکتی انہیں پینے کا صاف پانی مہیا کرانے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکا ہے۔ احتجاج کے سبب رہمو - پلوامہ رابطہ سڑک پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی۔ Dali Pora Pulwama Residents Protest Against Jal Shakti
احتجاج میں شامل خواتین نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ طویل عرصہ سے علاقے میں ناقابل استعمال پانی سپلائی کیا جا رہا جس سے علاقے کے لوگوں کو امراض میں مبتلا رہنے کا خطرہ لاحق ہو گیا۔ احتجاجیوں کے مطابق انہوں نے کئی مرتبہ معاملے کو متعلقہ محکمہ کی نوٹس میں بھی لایا تاہم انکے مطابق آج تک ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس کی وجہ سے وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے۔
قابل ذکر ہے کہ محکمہ جل شکتی نے سال 2020 میں قصبہ پلوامہ میں پینے کے پانی کی سپلائی میں اضافہ کرنے کی غرض سے ایک واٹر سپلائی اسکیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا جس پر 431.75 لاکھ روپے کا خرچہ آیا۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اس واٹر سپلائی اسکیم کے لئے ٹیوب ویل کو دلدل والے علاقے میں کھودا گیا جہاں سے ناصاف پانی نکال کر راست لوگوں کو سپلائی کیا جا رہا ہے۔ احتجاجیوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہی پانی کئی رہائشی علاقوں سمیت ضلع ہسپتال اور دیگر دفاتر کو بھی سپلائی کیا جا رہا ہے جس سے ان علاقوں میں بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
احتجاج میں شامل خواتین نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’لوگوں نے اس کئی بار احتجاج بھی کیا، حکام سے پینے کا صاف پانی سپلائی کرنے کی گزارشیں بھی کی تاہم ہر بار عوامی مطالبات کو نظر انداز کیا گیا جس کے بعد آج لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے۔‘‘ پولیس نے مداخلت کرکے احتجاج ختم کیا جس کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل بھی بحال ہو گئی۔
مزید پڑھیں: Water Scarcity in Pathan Pulwama پتھن علاقے میں پینے کے پانی کی قلت، لوگوں کو مشکلات کا سامنا
ادھر، ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے اس ضمن میں محکمہ جل شکتی کے افسران سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی تاہم تاہم اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر اپنے آفس میں موجود نہ تھے جبکہ ایگزیکٹو انجینئر نے اس ضمن میں کچھ بھی کہنے سے صاف انکار کر دیا۔