جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں چاٹہ پورہ رابطہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے، سرک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بنے ہوئے ہیں جس کے سبب نہ صرف راہگیروں بلکہ ٹرانسپورٹرز کو بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
چاٹہ پورہ کے باشندوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک کی فوری طور مرمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ احتجاج کر رہے لوگوں نے عہدیداروں پر تساہلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ متعد بار انتظامیہ سمیت متعلقہ محکمہ کی توجہ اس جانب مبذول کروائی گئی لیکن آج تک رابطہ سڑک کی مرمت نہیں کی گئی۔
مقامی ڈرائیورز نے کہا کہ خستہ حال سڑک کے باعث گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز کی کمائی کا ایک حصہ گاڑیوں کی مرمت پر خرچ ہوجاتا ہے۔
مزید پڑھیں: پلوامہ: گھر بیٹھے روزگار کمانے والی مقصودہ خواتین کے لیے مشعل راہ
احتجاج کر رہے مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ’ضلع سمیت وادی کشمیر میں بیشتر علاقوں کی رابطہ سڑکوں کی مرمت کے علاوہ میگڈمائزیشن کا کام انجام دیا جا رہا ہے لیکن قصبہ پلوامہ کو جان بوجھ کر نظرانداز کیا جا رہا ہے‘۔ انہوں نے انتظامیہ سے چاٹہ پورہ رابطہ سڑک کی فوری طور پر مرمت اور میگڈمائزیشن کرنے کا مطالبہ کیا۔