پلوامہ (جموں و کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں دوران شب نقب زنی کی ایک واردات رونما ہوئی ہے جس میں نقب زنوں نے ضلع کے سادیپورہ علاقہ میں قائم گردوارہ کی دان پیٹی سے نقدی اڑای لی۔ نقب زنوں نے دان پیٹی کا تالہ توڑنے کے علاوہ کھڑکی اور الماریوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ پلوامہ پولیس سمیت ایف ایس ایل کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر چھان بین شروع کر دی ہے۔
گردوارہ سنگھ سبھا، سادیپورہ کے ایک رکن، کلوندر سنگھ، نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ دوران شب گردوارہ میں نقب زنی کی واردات رونما ہوئی ہے جس میں گوردوارہ کی ایک کھڑکی کا شیشہ توڑ کر لٹیرے گردوارہ میں داخل ہوئے اور چوری کی واردات انجام دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گردوارہ میں موجود دیگر سامان کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، جس میں گردوارہ میں موجود عطیہ بکس (دان پیٹی) کا تالا توڑ کر اس میں موجود رقم لوٹ لی گئی ہے جبکہ الماریوں اور دیگر سامان کو بھی کھنگالا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پلوامہ پولیس نے موقع کا جائزہ لیا اور ثبوت و شواہد جمع کرکے نقب زنوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ عقیدت مندوں نے پولیس افسران سے نقب زنوں کو فوری طور پکڑنے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدام اٹھائے جانے کی اپیل کی ہے۔ دان پیٹی سے کتنی رقم اڑا لی گئی ہے؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’دان پیٹی مقفل رہتی ہے اور عقیدت مند اس میں اپنی مرضی اور خوشی سے عطیہ ڈالتے ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں: Pulwama Burglary: قصبہ پلوامہ میں شبانہ نقب زنی
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی قصبہ پلوامہ میں چند روز قبل اسی طرح کی ایک شبانہ نقب زنی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں لٹیروں نے 11 دکانوں کو لوٹ لیا تھا۔ اس سلسلے میں بھی پولیس نے کس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی تھی۔ نقب زنی خاص کر شبانہ چوری کے بڑھتے واقعات پر مقامی باشندوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام خاص کر پولیس سے نقب زنی، چوری اور لوٹ مار کے واقعات پر لگام کسنے کا مطالبہ کیا ہے۔