جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ کے چرسو اونتی پورہ علاقہ میں یونانی میڈیسن اینڈ سرجری (بی یو ایم ایس) کا طالب علم عادل رشید بھٹ گزشتہ چار روز سے لاپتہ تھا اور اب بتایا جاتا ہے کہ اس نے عسکری صف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
سوشل میڈیا پر عادل کی ایک مبینہ ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ عسکری صف میں شمولیت کا اعلان کرتا ہے۔ وہ ویڈیو میں گھر والوں سے کہتا ہے کہ اس نے عسکری صف میں شمولیت اختیار کر لی ہے اور اسے ڈھونڈنے کی کوشش نہ کی جائے۔
ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ اس نے 'دی رزسٹنس فرنٹ' (ٹی آر ایف) تنظیم میں شمولیت اخیتار کی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ عادل راشد بھٹ ولد عبد الرشید بھٹ طبیہ کالج سمبل - باندی پورہ میں بی یو ایم ایس کے آخری سمسٹر کا طالب علم تھا اور منگل کی سہ پہر سے لاپتہ ہے۔
بی یو ایم ایس طالب علم عسکری صف میں شامل اہل خانہ کے مطابق منگل کی سہ پہر میں ظہر نماز کے بعد عادل گھر واپس نہیں آیا۔ انہوں نے کہا ہم نے اپنے تمام رشتہ داروں اور اس کے دوستوں اور دیگر لوگوں سے رابطہ کیا لیکن کسی کو بھی اس کا کوئی پتہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ہونہار طالب علم تھا اور اس نے دسویں جماعت کے امتحانات میں 94 فیصد نمبرات حاصل کئے تھے۔ جبکہ بارہویں جماعت کے امتحانات میں اس نے قریب 90 فیصد نمبرات حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پہلے کبھی گرفتار نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی اس نے کسی احتجاج میں کبھی حصہ لیا تھا۔
یہ بات قابل ذکر ہے علاقے کے تین نوجوان جولائی 2020 سے عسکریت پسندی میں شامل ہوگئے ہیں۔ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ اونتی پورہ سے تعلق رکھنے والا بی یو ایم ایس طالب علم لاپتہ ہے اور اس کا پتہ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔
پولیس نے فی الحال اس سلسلہ میں کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔