گزشتہ چودہ برسوں کے دوران دریائے جہلم پر رابطہ پل کی تعمیر میں تساہل پسندی سے تنگ آ کر ڈوگری پورہ اونتی پورہ کے عوام نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اور جے کے پی سی سی ایجنسی کے خلاف نعرے بازی کی۔
تفصیلات کے مطابق ڈوگری پورہ کی آبادی نے آج سڑکوں پر نکل کر انتظامیہ کے خلاف جم کر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین 'ہم انصاف چاہتے' اور 'ہماری مانگیں پوری کرو' کے نعرے بلند کر رہے تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین نے الزام لگایا کہ جے کے پی سی سی ایجنسی کے حکام جان بوجھ کر اس مسلے کو نظر انداز کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی شھری غلام محمد نے میڈیا کو بتایا کہ دو ہزار چھ سے یہ پل تشنہ تکمیل ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ جے کے پی سی فنڈس کا رونا رو رہی تھی۔ اب فنڈس بھی آیا ہے لیکن کام شروع نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بین الاقوامی پروازوں پر پابندی میں 31 جنوری تک توسیع
ایک احتجاجی غلام نبی نے بتایا کہ ان کی دو نسلیں اس پل کے انتظار میں چل بسی اور پل پر کام چودہ سال کے دوران بھی مکمل نہیں ہوا ہے، جس کی وجہ سے وہ آج بھی دریا پار کر کے ہی زندگی کے پہیے کو چلا رہے ہیں لیکن بیماروں اور دردزہ میں مبتلا خواتین کے لیے یہ زبردست مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ پل پر کام شروع نہیں کرتا تو پھر بنیادی کام کو بھی زمین بوس کیا جائے۔
ایک اور احتجاجی محمد رمضان کے مطابق پل کی تعمیر نہ ہونے سے آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
آبادی نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ڈوگری پورہ پل کی تعمیر میں ہورہی تاخیر کا سنجیدہ نوٹس لیں۔