پلوامہ (جموں و کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ضلع سطح کے کارکنان کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی لیڈران و کارکنان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع پلوامہ میں بی جے پی کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں مہمان لیڈران کو آگاہ کیا گیا وہیں بی جے پی کارکنان کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ کیا گیا اور مسائل کے ازالہ کے لئے مہمان خصوصی سے اپیل کی گئی۔
پارٹی لیڈران نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط کرنے کے لئے کام کریں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ راحت پہنچانے کی سعی کریں۔ انہوں نے کارکنان سے کہا کہ وہ آنے والے بلدیاتی و پنچایتی اور ممکنہ اسمبلی انتخابات کے لئے تیار رہیں تاکہ آنے والے سبھی انتخابات میں بی جے پی واضح اکثریت کے ساتھ کامیاب ہو جائے۔
بی جے پی، پلوامہ یونٹ، صدر محمد لطیف نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی انتخابات کے لئے تیار ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘ بی جے پی لیڈران کے مطابق ’’ایسا لگتا ہے کہ اب جموں وکشمیر میں جلد انتخابات منعقد ہونگے اور ہم بھی انتخابات کے لئے تیار ہیں۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ہم نے سبھی انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ جبکہ کشمیر میں انتخابات کروانے کے لئے سبھی سیکورٹی ایجنسیز کے ساتھ الیکشن کمیشن مشہور کر کے ہی انتخابات کا اعلان کروائے گی۔‘‘
مزید پڑھیں: Yasin Malik Death Penalty: پتھر بازی پر سزائے موت نہیں دی جا سکتی، دہلی ہائی کورٹ
این آئی کی جانب سے یاسین ملک کو سزائے موت کا مطالبہ کئے جانے سے متعلق رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے کہا: ’’دہشت گردوں کو سخت سزا دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ این آئی اے نے کسی نہ کسی بنیاد پر اور ٹھوس وجہ پر یاسین ملک کے لیے اتنی بڑی سزا کا مطالبہ کیا ہوگا۔ ہم عدالت کے کسی بھی فیصلے کا خیر مقدم کریں گے۔‘‘