پلوامہ (جموں و کشمیر) : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے ضلع پلوامہ میں اتوار کو ٹاؤن ہال، اونتی پورہ میں ’’ماینارٹی مورچہ‘‘ کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کئی افراد نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقعے پر ایک مختصر تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں بی جے پی لیڈران نے کارکنان پر پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ انتخابات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارٹی لیڈر اور ترجمان الطاف ٹھاکر نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’’بی جے پی نے کشمیر کی ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، کیونکہ بی جے پی واحد ایسی پارٹی ہے جو ملک کے ہر شہری کے حقوق کے لیے کام کر رہی ہے۔‘‘ شمال مشرقی ریاستوں میں بی جے پی کی کامیابی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا: ’’بی جے پی ہر شہر کی تعمیر وترقی کے لیے ہر وقت کوشاں رہتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ حال ہی میں شمال مشرقی - تین - ریاستوں میں پارٹی نے کامیابی حاصل کی۔‘‘
میڈیا کے ساتھ گفرگو کرتے ہوئے بی جے پی کے ضلع صدر، پلوامہ، لطیف احمد بٹ نے بتایا کہ بی جے پی ماینارٹی مورچہ کی اس میٹنگ میں عہد کیا گیا کہ پارٹی کا ایجنڈا گھر گھر پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی الیکشن کے لیے تیار ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن منعقد ہوں تاکہ عوامی حکومت قائم ہو سکے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ پلوامہ ضلع میں بھارتیہ جنتا پارٹی ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے اور عوامی سطح پر اس پارٹی کو پزیرائی حاصل ہو رہی ہے، اسی وجہ سے لوگ جوق در جوق بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں پارٹی ترجمان الطاف ٹھاکر، ضلع صدر پلوامہ، ماینارٹی مورچہ جہانگیر احمد بٹ، ضلع صدر لطیف احمد بٹ، امرجیت سنگھ یو ٹی نائب صدر، شیخ بشیرسابق صدر ماینارٹی مورچہ، کانسچونسی صدر اونتی پورہ فاروق احمد اور صدر ایم سی ترال منظور احمد اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔
مزید پڑھیں: BJP Convention in Zewan Srinagar: زیون میں کئی افراد بی جے پی میں شامل