اونتی پورہ میں پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف جنگ جاری ہے جبکہ آج دو منشیات فروشوں کو دو کلو چرس سمیت گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او اونتی پورہ جی ایم راتھر کی قیادت میں ٹول پلازہ چرسو اونتی پورہ کے قریب چیکنگ کے دوران پولیس ٹیم نے ٹویرا گاڑی (JK18.5715) سے 2 کلو چرس برآمد کیا جس کی مالیت لاکھوں روپئے بتائی گئی۔
پولیس نے گرفتار کئے گئے منشیات فروشوں کی شناخت بلال احمد ڈار ساکن پانپور اور راقب حسین گنائی ساکن حسن پورہ بجبہاڑہ کے طور پر کی۔ پولیس کی جانب سے اس معاملہ میں ایف آئی آر درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
عام لوگوں نے پولیس کی کارروائی پر خوشی کا اظہار کیا اور ٹیم کے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پولیس نے منشیات کی ایک بڑی کھیپ کو ضبط کیا تھا۔